پشاور: دیر کالونی میں اسکول کی چھتیں گرنے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 31 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔
مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا اور عمارت بوسیدہ و غیر محفوظ تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق عمارت کی دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی سے متعلق پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں، تاہم مبینہ طور پر ان پر توجہ نہیں دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسکول کی دوسری منزل پر نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گریں، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
پولیس کے مطابق اسکول کی 16 مرلے اراضی وحید اور جاوید کی ملکیت ہے، جسے 2024 میں لیز پر لے کر عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
پولیس نے عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، اسکول مالکان اور شیئر ہولڈرز کے خلاف قتلِ بالسبب اور تعزیراتِ پاکستان کی دیگر دفعات 148، 322 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
نوٹ: مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی تصدیق عدالتی کارروائی کے بعد ہوگی۔




