اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کرتے ہوئے 31 اکتوبر 2026 مقرر کردی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق تجارتی تنظیموں کی درخواست پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ اس سے قبل گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر سے بڑھا کر 15 اکتوبر کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملک میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں 45 لاکھ سے زائد غیر تنخواہ دار افراد اور 22 لاکھ سے زائد تنخواہ دار افراد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 52 لاکھ سے زائد افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے۔

چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکس اسکیم کے تحت 1,473 تاجروں نے گوشوارے جمع کرائے، جن میں 137 نئے اور 1,336 پہلے سے رجسٹرڈ تاجر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت 2,875 دکاندار رجسٹریشن بھی کرا چکے ہیں۔