اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیل سیکٹر کے لیے سیلز ٹیکس کی نئی شرحیں مقرر کردی ہیں، جس کے تحت بعض اسٹیل ری رولرز کو بجلی کے فی یونٹ استعمال پر 30 روپے سیلز ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نئی شرحوں کے مطابق درآمدی یا مقامی خام مال سے اسٹیل بار تیار کرنے والے ری رولرز پر 30 روپے فی یونٹ جبکہ مقامی ری میلٹیبل اسکریپ استعمال کرنے والے یونٹس پر 20 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

سابق فاٹا اور پاٹا میں اسٹیل ری رولرز کے لیے بھی 20 روپے فی یونٹ شرح مقرر کی گئی ہے، تاہم مخصوص شرائط پوری کرنے والے یونٹس اور نئے یا دوبارہ فعال ہونے والے اسٹیل یونٹس کے لیے 5 روپے فی یونٹ رعایتی شرح رکھی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اسٹیل میلٹرز، کمپوزٹ یونٹس اور ری رولرز بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کیے گئے سیلز ٹیکس کو اپنے آؤٹ پٹ سیلز ٹیکس سے ایڈجسٹ کرسکیں گے۔