ہٹیاں بالا (آزاد کشمیر): وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پارلیمانی نظام پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ "تم نے اس سسٹم میں ساڑھے تین سال میں 30 سال کا سفر طے کیا، اب آ کر تمہیں پتہ چلا ہے کہ سسٹم خراب ہے اور نہیں چل سکتا۔"
ہٹیاں بالا آزاد کشمیر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک سیاسی رہنما یہ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ نظام ختم ہو چکا ہے، حالانکہ اسی نظام نے انہیں مختصر عرصے میں وہ مقام دیا جس تک پہنچنے میں دوسروں کو دہائیاں لگ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد کا ثمر ہے اور یہی نظام پاکستان کی بنیاد ہے، اس لیے اس پر بے بنیاد تنقید مناسب نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر موجودہ وزیراعظم کے مینڈیٹ کو فارم 47 سے جوڑا جاتا ہے تو پھر یہ بھی بتایا جائے کہ صدرِ مملکت کس فارم کے ذریعے منتخب ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف پر ہمیشہ دھاندلی سے اقتدار میں آنے کا الزام لگایا جاتا ہے تو سیاسی تاریخ کے دیگر واقعات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے ملکی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کو ضروری قرار دیا تھا، تاہم رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ ملک کے مسائل کا حل آئین، پارلیمانی نظام اور جمہوری عمل کے تسلسل میں ہے، نہ کہ نظام کو ناکام قرار دینے میں۔




