تھرپارکر: تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش ایک المناک سانحے میں تبدیل ہوگئی۔ اسلام کوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش سے بچنے کے لیے دس مزدور ایک درخت کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گر گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

جاں بحق افراد میں تاج محمد شاہ، ساجن میگھواڑ اور ساجن کا کم عمر بیٹا شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب چھاچھرو، اسلام کوٹ اور نگرپارکر سمیت تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔