اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کا اطلاق فوری طور پر 3 اگست 2026 تک ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
حالیہ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 3 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین یومیہ بنیاد پر کیا جا رہا ہے، تاکہ صارفین کو عالمی نرخوں کے مطابق ریلیف یا تبدیلی کا فائدہ پہنچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران عالمی تیل مارکیٹ میں مسلسل تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وقفے وقفے سے ردوبدل کیا جا رہا ہے۔




