مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

آج میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان 13 حلقوں میں 14 لاکھ ایک ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں ضلع میرپور کے چار حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں میں 1,107 اور ضلع بھمبر کے تین حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ریاستی ادارے پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔