کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشنِ معمار میں پولیس کے مطابق سی سی ڈی طرز کے ایک مبینہ مقابلے میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کی ٹیم ملزمان کو واردات سے متعلق نشاندہی کے لیے لے جا رہی تھی کہ عمر بروہی گوٹھ کے قریب ان کے مبینہ ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس دوران تینوں گرفتار ملزمان ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت سریش، رام چند اور انیل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں کا تعلق اوڈھ برادری سے تھا اور وہ کلفٹن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیے گئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پریس کانفرنس میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ان ملزمان کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔