کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 29 جولائی سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش، اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ پہلے ہی شمالی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔ یکم اگست سے یہ ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر بھی اثرانداز ہوں گی۔
پیش گوئی کے مطابق کشمیر میں 28 جولائی کی رات سے 5 اگست تک، گلگت بلتستان میں 28 جولائی سے 6 اگست تک، جبکہ خیبرپختونخوا میں 29 جولائی سے 5 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور دیگر علاقوں میں 29 جولائی سے بارش متوقع ہے، جبکہ 31 جولائی سے بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت جنوبی علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع، خصوصاً کراچی، بدین، ٹھٹہ اور سجاول میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث 30 جولائی سے 4 اگست تک نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب موسمیاتی ماہرین کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال میں موجود کم دباؤ کا نظام آہستہ آہستہ مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ مختلف عالمی موسمیاتی ماڈلز اس کے تین ممکنہ راستے ظاہر کر رہے ہیں، جن میں ایک کے مطابق سسٹم راجستھان کے قریب پہنچ سکتا ہے، جبکہ دوسرے امکان کے تحت یہ بحیرہ عرب میں داخل ہو سکتا ہے، جس سے کراچی میں بھی بارش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں سسٹم کی سمت مزید واضح ہو جائے گی۔




