کراچی(شھزاد جلبانی): سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) نے بڑا انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 29 ملازمین کی خدمات فوری طور پر ختم کر دی ہیں۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین مختلف اضلاع میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان میں آفس اسسٹنٹ، دفتری، ڈرائیور، نائب قاصد، ڈیٹا انٹری آپریٹر، کمپیوٹر آپریٹر، سوشل موبلائزر، کنسلٹنٹ اور دیگر عہدوں پر تعینات ملازمین شامل ہیں۔

حکم نامے میں برطرف کیے گئے تمام ملازمین کے نام، عہدے اور تعیناتی کے اضلاع کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔ بورڈ نے تمام متعلقہ دفاتر اور افسران کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین کو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کسی بھی دفتر، منصوبے یا یونٹ میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کی نقول متعلقہ حکام، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ دفاتر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جا سکے۔