کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے مون سون کی طاقتور ہوائیں سندھ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ پیشگوئی کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور دادو سمیت مختلف اضلاع میں 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور دیگر نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔