لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک ہی اسپیل کے دوران ہونے والی ریکارڈ 263 ملی میٹر بارش نے شہر کا نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے سڑکیں، انڈر پاس اور رہائشی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

ترجمان واسا کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاج پورہ میں 157.4، کاہنہ میں 143، شاد باغ/شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں 133، مال روڈ پر 116، مناواں میں 112.2، جوہر ٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

شدید بارش کے باعث شہر کی متعدد شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس سے درجنوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں۔ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) کے بعض علاقوں میں پانی اس قدر جمع ہوا کہ شہریوں نے کشتیوں کا استعمال شروع کر دیا، جبکہ کئی انڈر پاس ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔

واسا کے مطابق ڈی ایچ اے کے ایک انڈر پاس میں پانی چھت تک پہنچ گیا، جبکہ ہربنس پورہ انڈر پاس کو بھی پانی بھر جانے کے باعث بند کرنا پڑا۔ دوسری جانب تاج پورہ سمیت مختلف رہائشی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات میں کاہنہ کے قریب فیروزپور روڈ پر پھسلن کے باعث موٹرسائیکل کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ ڈی ایچ اے فیز 4 میں ایک گھر کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔

انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔