میرپورخاص: غلام حیدر لغاری قتل کیس میں ہائی کورٹ کی ہدایت پر دوبارہ سماعت کے بعد میرپورخاص کی عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان کو باعزت بری جبکہ ایک ملزم کی 25 سال قید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔
فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج میرپورخاص کی عدالت نے تعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 54/2023 کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے 25، 25 سال قید کی سزا پانے والے تین ملزمان میں سے عرفان لغاری اور محمد بچل لغاری کو شواہد کی بنیاد پر باعزت بری کر دیا، جبکہ قربان لغاری کی 25 سال قید کی سزا برقرار رکھی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تقریباً تین سال قبل لغاری پمپ کے قریب جھگڑے کے دوران پیش آیا تھا، جس میں غلام حیدر لغاری قتل ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد تعلقہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش مکمل کی، جس کے بعد ٹرائل کورٹ نے تینوں ملزمان کو 25، 25 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
بعد ازاں ملزمان نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جس پر ہائی کورٹ نے کیس دوبارہ سماعت کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میرپورخاص کو بھجوا دیا۔ عدالت نے شواہد اور فریقین کے دلائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد دو ملزمان کو بری جبکہ ایک ملزم کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔
رپورٹ: طارق پنہور دی پوسٹ ڈیجیٹل




