کراچی: پی ڈی ایم اے سندھ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ہونے والی بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق تھرپارکر میں 3 بچے اور ایک شخص پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے، جبکہ بدین میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 3 جولائی سے جاری بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میرپورخاص ضلع کی تحصیل کوٹ غلام محمد میں 112 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ میرپورخاص شہر میں 110 ملی میٹر اور حسین بخش مری میں 106 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح حیدرآباد شہر اور دیہی علاقوں میں 85، 85 ملی میٹر، لطیف آباد میں 82 ملی میٹر، داہلی میں 67 ملی میٹر، سندھڑی میں 66 ملی میٹر، ٹنڈو آدم میں 61 ملی میٹر اور کلوئی میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدین کی میرواہ کینال میں دو شگاف پڑے، جنہیں ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بند کر دیا۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع کو 24 ڈی واٹرنگ گاڑیاں بھی فراہم کیں، جن میں کراچی کو 10، حیدرآباد کو 5، عمرکوٹ کو 3، جبکہ تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان اور میرپورخاص کو 2، 2 گاڑیاں فراہم کی گئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سید سلمان شاہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران درختوں اور پانی کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ ان مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔




