راولپنڈی: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دے دیا۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
دیگر بلے بازوں میں فخر زمان نے 22 جبکہ حسن نواز نے 19 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور آل راؤنڈر رضا اللہ کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔
تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ آج کے میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لے گا۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے 215 رنز، سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف
معاذ صداقت کی شاندار 96 رنز کی اننگز، کپتان صاحبزادہ فرحان نے 73 رنز بنائے، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 215 رنز اسکور کیے




