اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ حج کے تمام انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، اب عازمین حج گھر بیٹھے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت عازمین کو طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچانا چاہتی ہے، اسی مقصد کے تحت حج درخواستوں کا عمل ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق تقریباً 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے حج کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ حج اخراجات کی ادائیگی کے لیے کریڈٹ کارڈ، پی ایس آئی ڈی اور چالان فارم کے ذریعے نقد رقم جمع کرانے کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین پر مشتمل ہے، جبکہ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔ حج اخراجات کی دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔

سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز کے حوالے سے بھی اہم اعلان

وفاقی وزیر نے بتایا کہ نجی حج اسکیم کے عازمین پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کے پرائیویٹ حج آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔

انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹر کو براہِ راست رقم جمع نہ کرائیں اور ادائیگی کے حوالے سے مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں۔