اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2026 کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلہ ٹیسٹ کو 16 اگست کے بجائے 20 ستمبر 2026 کو منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ ٹیسٹ کے انعقاد کو مزید منظم، محفوظ، شفاف اور امیدوار دوست بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے تاکہ تمام انتظامات بہتر انداز میں مکمل کیے جاسکیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف امتحان کی تاریخ تبدیل کی گئی ہے، جبکہ امتحانی قواعد و ضوابط، اہلیت، امتحانی مراکز اور دیگر تمام انتظامات بدستور برقرار رہیں گے۔ اگر مستقبل میں کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات، ہدایات اور اعلانات کے لیے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
کونسل نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی سے امیدواروں کو ہونے والی ممکنہ پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نئی تاریخ پر امتحان شفاف اور مؤثر انداز میں منعقد کیا جائے گا۔




