کراچی: صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے بسوں کی نئی کھیپ نومبر 2026 تک پہنچ جائے گی، جبکہ سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چین کے شہر شنگھائی میں بسیں تیار کرنے والی کمپنیوں کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں کراچی کے لیے نئی بسوں کی فراہمی اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رابن شین نے بھی ملاقات کی، جس میں سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی گئی۔
سندھ حکومت کے ان اقدامات کا مقصد صوبے میں عوامی سفری سہولتوں کو بہتر بنانا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔




