لندن: پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ بین الاقوامی فوجی مقابلے کیمبرین پٹرول 2026 میں سلور میڈل حاصل کرلیا۔

سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق یہ مقابلہ ویلز، برطانیہ میں 2 سے 13 اکتوبر تک منعقد ہوا، جس میں 36 ممالک کی 140 ٹیموں نے حصہ لیا۔

رواں سال پاکستان کی نمائندگی 59 پنجاب رجمنٹ نے کی۔ ٹیم میں ایک افسر اور سات سپاہی شامل تھے، جنہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

اس کامیابی کے اعزاز میں لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے پاک فوج کی ٹیم کے لیے استقبالیہ بھی دیا گیا۔

کیمبرین پٹرول کو دنیا کے مشکل ترین بین الاقوامی فوجی پٹرولنگ مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان مسلسل پانچ سال سے اس مقابلے میں تمغے حاصل کر رہا ہے۔

پاک فوج کی ٹیموں نے 2022 اور 2023 میں سلور میڈل، جبکہ 2024 اور 2025 میں گولڈ میڈل حاصل کیے تھے۔ اس سے قبل بھی پاکستانی ٹیمیں 2010، 2015، 2016، 2017 اور 2018 میں گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔