سکھر: سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے SIBA Testing Services (STS) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

ایس ٹی ایس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 20 ستمبر 2026 کو کراچی کے دو مراکز سمیت حیدرآباد، جامشورو، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر 9 امتحانی مراکز پر منعقد کیا گیا تھا۔

25 ستمبر کو جاری کیے گئے عبوری نتائج پر امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والے اعتراضات اور شکایات کی جانچ اور ازالے کے بعد حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے مقررہ معیار کے مطابق ایم بی بی ایس کیلئے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کیلئے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کامیاب امیدواروں کی فہرست اور مجموعی حتمی نتائج ایس ٹی ایس کی ویب سائٹ پر جاری کردیے گئے ہیں۔