اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کو پاکستان کے توانائی تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال اور متعلقہ وفاقی سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور پالیسی پر عملدرآمد کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز ملک کی توانائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز باہمی رابطے سے اصلاحاتی عمل کو تیز کریں، اوگرا کی کارکردگی بہتر بنائی جائے اور ایسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں جو توانائی کے شعبے میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ نئی پالیسی پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔




