کراچی: امیر جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی کراچی کے 200 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کے الیکٹرک کی کارکردگی ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے کے الیکٹرک کو 163 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، مگر اس کے باوجود نہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور نہ ہی ترسیلی نظام بہتر بنایا جا سکا۔
منعم ظفر خان نے سندھ حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ان کے بقول نہ سڑکوں کی مناسب حالت ہے اور نہ ہی دیگر شہری سہولتیں میسر ہیں، جبکہ کراچی کے شہری آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔




