کوٹلی: آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی ڈیوٹی میں مبینہ غفلت برتنے پر دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کرکے گرفتار کر لیا، جبکہ ان کی جگہ فوری طور پر نئے افسران تعینات کر دیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران مقررہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے اپنی نجی رہائش گاہوں کو چلے گئے تھے، جس پر الیکشن کمیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر نے دونوں افسران سے پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے لیے، جبکہ پولنگ کا عمل متاثر نہ ہونے دینے کے لیے متبادل پریزائیڈنگ افسران کو فوری طور پر متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ گرفتار افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے اور انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پولنگ کا عمل شفاف، غیرجانبدار اور بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے، جس کے لیے انتظامات پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں۔