کراچی: پریا کماری سمیت ملک بھر سے اغوا اور لاپتا ہونے والے تمام بچوں کی بازیابی کے مطالبے پر 2 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

یہ اعلان کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ارشد شر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام لاپتا بچوں کو فوری طور پر بازیاب کرا کے ان کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کریں۔

ارشد شر نے وکلا، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی و سماجی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 اگست کو کراچی پریس کلب پہنچ کر دھرنے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں تک ایک مضبوط پیغام پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پریا کماری سمیت ہر لاپتا بچے کی محفوظ بازیابی ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے پر مزید خاموشی قابل قبول نہیں۔