اسلام آباد: پاکستان کی بحری تجارت اور گرین انرجی کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’رو-رو‘ (Roll-on/Roll-off) شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کامیابی سے کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں سے لدا بحری جہاز ’ایم وی گرینڈے شنگھائی‘ کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل (KGTML) ٹرمینل پر لنگرانداز ہوا، جہاں گاڑیوں کو جدید ’رو-رو‘ نظام کے تحت براہِ راست جہاز سے اتارا گیا۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی ’رو-رو‘ درآمد پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو بحری تجارت، بندرگاہی نظام اور جدید لاجسٹکس کی جانب اہم پیش رفت کی عکاس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’رو-رو‘ ٹیکنالوجی کے تحت گاڑیوں کو براہِ راست چلا کر جہاز پر لوڈ اور ان لوڈ کیا جاتا ہے، جس سے سامان کی ترسیل میں وقت کی بچت، اخراجات میں کمی اور گاڑیوں کی محفوظ نقل و حمل ممکن ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید بندرگاہی سہولیات اور جدید شپنگ نظام سے پاکستان کی تجارتی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ کراچی پورٹ عالمی معیار کی جدید میری ٹائم خدمات فراہم کرنے کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔