ٹنڈو غلام علی: ٹنڈو غلام علی کے قریب زرداری روڈ پر گاؤں علی محمد منگریو کے مقام پر مسافر سوزوکی کا ٹائی راڈ اچانک ٹوٹ جانے کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے میں بشیراں زوجہ خیر محمد اور سلطانہ زوجہ سچل لاشاری موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ سوزوکی میں سوار 13 افراد شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو گاڑی سے نکالا اور جاں بحق خواتین کی لاشوں سمیت ٹنڈو غلام علی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ سوزوکی کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔




