کراچی: شہر قائد میں سڑکوں اور دیگر مقامات پر کھدائی کے باعث 2026 کے دوران بجلی کی زیرِ زمین کیبلز کو نقصان پہنچنے کے تقریباً 2 ہزار واقعات سامنے آئے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق بغیر پیشگی رابطے اور حفاظتی اقدامات کے کھدائی کرنے سے زیرِ زمین بجلی کیبلز متاثر ہوئیں، جس کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر کیبلز کی مرمت اور بجلی بحال کرنے میں 24 گھنٹے سے زائد وقت لگا، جبکہ 456 واقعات میں نقصان کے ذمہ دار افراد یا اداروں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
کے الیکٹرک کے مطابق زیرِ زمین کیبلز کو پہنچنے والا نقصان رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی وجوہات میں شامل ہے۔
ترجمان نے شہریوں، تعمیراتی کمپنیوں اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ سڑکوں یا دیگر مقامات پر کھدائی سے پہلے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور زیرِ زمین بجلی، پانی، گیس اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کی موجودگی کی تصدیق کریں۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل درآمد سے بجلی کی فراہمی میں تعطل اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات سے بچا جاسکتا ہے




