جامشورو: کراچی کے علاقے تھری تلوار کے قریب دورانِ ڈکیتی قتل کیے گئے ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو جامشورو پولیس نے ٹول پلازہ پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک گاڑی اور 25 لاکھ روپے نقد رقم برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت رام چند اور ساگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رام چند کا تعلق دہڑکی جبکہ ساگر کا تعلق سکھر سے بتایا جا رہا ہے۔ بعد ازاں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان موٹروے کے ذریعے کراچی سے حیدرآباد کی جانب فرار ہو رہے تھے۔ سائوتھ کراچی پولیس کی اطلاع پر جامشورو پولیس نے ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کرکے انہیں گرفتار کیا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ ڈاکٹر آکاش سے لوٹی گئی رقم کا ایک حصہ کراچی میں اپنے گروہ کے دیگر ارکان میں تقسیم کیا گیا، جبکہ باقی رقم لے کر وہ حیدرآباد کی جانب جا رہے تھے۔ پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔




