گوجرہ: سعودی عرب میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم افضل ندیم کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے اپنے مفرور ساتھی جاوید اقبال کے ساتھ مل کر 18 شہریوں کو سعودی عرب میں ورک ویزا اور ملازمت کا جھانسہ دیا۔ ملزمان نے فی کس 5 لاکھ روپے وصول کیے اور مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے سے زائد رقم بٹور لی۔

حکام کے مطابق بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود نہ شہریوں کو ورک ویزا فراہم کیا گیا اور نہ ہی ان کی رقوم واپس کی گئیں، جبکہ متاثرین کو مسلسل مختلف بہانوں سے ٹالا جاتا رہا۔

ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔