کراچی: شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جامعہ کراچی کی بس کی ٹکر سے 17 سالہ لڑکی سویرا جاں بحق ہوگئی، جبکہ حادثے کے بعد موقع پر شدید احتجاج دیکھنے میں آیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق سویرا اپنے والد اور والدہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر رشتہ داروں کے گھر جا رہی تھی کہ جامعہ کراچی کی بس کی زد میں آ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔

متوفیہ کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دی گئی۔

حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم شہریوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعے پر مشتعل افراد نے بس پر پتھراؤ بھی کیا۔

لواحقین کے مطابق سویرا چنیسر گوٹھ کی رہائشی تھی اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔ اس کی اچانک موت سے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔