لاڑکانہ: سندھ پولیس نے جرائم کے خلاف کارروائی میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈاھانی گینگ سے تعلق رکھنے والے 16 مفرور اور روپوش ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کر لیا۔ سرینڈر کرنے والے ملزمان میں لاکھوں روپے کے انعام یافتہ خطرناک ملزمان بھی شامل ہیں، جو طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں 50 لاکھ روپے انعام یافتہ شریف ڈاھانی، 30،30 لاکھ روپے انعام یافتہ اکبر ڈاھانی اور صیفل ڈاھانی، 10 لاکھ روپے انعام یافتہ اکبر سومرو، جبکہ 5،5 لاکھ روپے انعام یافتہ اصغر ڈاھانی اور بھورو ڈاھانی بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان علاقے میں سنگین جرائم اور خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے اور گزشتہ 15 برس سے جاری جیہا اور ڈاھانی برادریوں کے خونریز تنازع میں بھی مطلوب تھے۔ اس تصادم کے دوران اب تک دونوں فریقوں کے کم از کم 25 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے سرینڈر سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے کہا کہ "نجاتِ مہران آپریشن" ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام تک جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے سندھ پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔