مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ ووٹنگ کے بعد موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا ہے۔

اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 13 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور سامان نہ پہنچنے کی وجہ سے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کردی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے اہم کامیاب امیدواروں میں شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، مصطفیٰ بشیر عباسی، ناصر حسین ڈار، چوہدری محمد اسماعیل، محمد احسن رضا، مریم جاوید، ذیشان علی، راجہ محمد صدیق، محمد عامر شاہ، سید شوکت علی شاہ، محمد یاسین لون اور محمد احمد رضا قادری شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سردار مختار خان، میاں عبدالوحید، دیوان علی خان قمر چغتائی، عامر عبدالغفار اور عبدالماجد خان کامیاب قرار پائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی اور سرکاری نتائج جاری کیے جانے کا عمل جاری ہے، جبکہ سیاسی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کی برتری کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔