لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے، خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں بلکہ خدمت چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو گزشتہ 13 برس میں دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے۔ ان کے بقول، اگر آج صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں ہو رہی ہیں تو اس کی وجہ عوام نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبے ایک ہی ملک، آئین اور قومی خزانے کے حصے دار ہیں، لیکن ایک صوبے میں ترقی اور دوسرے میں تنزلی و بدامنی کیوں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔
مریم نواز نے تعلیم، صحت، صفائی، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں حکومتی ترجیحات پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ثابت کیا ہے کہ حکومتیں نعروں سے نہیں بلکہ عملی کام سے چلتی ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اب انتشار کے بجائے خدمت کی ضرورت ہے۔




