ویب ڈیسک: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں انتخابی مہم کا وقت رات 12 بجے ختم ہوگیا، جبکہ پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی سامان کی ترسیل آج (اتوار) سے شروع ہوگی۔

پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی طور پر 13 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔

الیکشن حکام کے مطابق ان حلقوں میں 14 لاکھ 1 ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2,454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں کے لیے 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں کے لیے 1,107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں کے لیے 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ایل اے-3 میرپور، ایل اے-6 بھمبر اور ایل اے-10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بہادر آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی کے تمام امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے، جس سے انتخابی مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔