اسلام آباد: پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ملک میں صوبوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جبکہ مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم سے قبل ملک گیر ریفرنڈم کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس تجویز کا مقصد طرزِ حکمرانی کو بہتر بنانا، انتظامی کارکردگی میں اضافہ اور ملک بھر میں ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو 4 صوبوں، خیبرپختونخوا کو 3، بلوچستان کو 3 اور سندھ کو 2 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد 12 ہوجائے گی۔

تاہم یہ تجویز فی الحال ابتدائی غور و خوض کے مرحلے میں ہے۔ نئے صوبوں کی ممکنہ حدود، انتظامی ڈھانچے اور اتنی بڑی تبدیلی کے لیے درکار آئینی طریقۂ کار سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔