پشاور: خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن کے قیام اور تیز رفتار ترقی کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ارکان کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کی امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے ان علاقوں میں پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی اور بروقت اجرا پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں ضم شدہ اضلاع کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی شفاف فراہمی اور استعمال یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مقامی عمائدین اور کونسل کے نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں ترقیاتی منصوبہ بندی اور وسائل کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے عوامی محرومیوں کے خاتمے، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔