کراچی: ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیر کو دوپہر 12 بجے سے ملک گیر مکمل پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں اور ملک شہزاد اعوان کے مطابق پیر سے نئی لوڈنگ مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ گاڑیوں کو صرف موجودہ مال اتارنے تک محدود وقت دیا جائے گا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہوگا اور سڑکیں بلاک نہیں کی جائیں گی۔

ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت، ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، ایکسل لوڈ مینجمنٹ اور حکومت کے ساتھ سابقہ معاہدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز نے وزیر پیٹرولیم اور پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پیر کو مذاکرات کا مزید دور ہوگا، جس کے لیے ملک بھر سے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں مسلسل نقصان برداشت کرتے ہوئے گاڑیاں چلانا ممکن نہیں، لہٰذا حکومت ان کے مسائل فوری طور پر حل کرے۔