لاہور: فیصل آباد کے معروف صنعتکار اور ستارہ کیمیکل کے مالک میاں محمد ادریس کو مبینہ 12 ارب روپے کے بجلی چوری کیس میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میاں محمد ادریس بیرونِ ملک روانگی کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (PCL) میں موجود ہونے پر انہیں سفر سے روک لیا اور بعد ازاں ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں محمد ادریس کو مبینہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، جس کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے اسی مقدمے میں فیسکو کے دو سابق چیف ایگزیکٹو افسران خورشید عالم اور سعید اختر کو بھی حراست میں لے رکھا ہے۔ دونوں سے مبینہ طور پر اربوں روپے کی بجلی چوری میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کیس میں متعلقہ اداروں کی قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید اہم پیش رفت کا بھی امکان ہے۔




