راولپنڈی/ٹانک: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 حملہ آور مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور فرار ہونے والے 12 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق شدید دباؤ کا سامنا ہونے پر حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 15 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری ملازم شامل ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ تمام دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست اپنے عزم پر قائم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔




