جامشورو: کوٹری ریلوے اسٹیشن پر فیولنگ کے دوران ایک ٹرین کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے اسٹیشن پر موجود عملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر بروقت قابو پا لیا، جس کے باعث آگ مزید پھیلنے سے روک دی گئی۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اہلکاروں نے انجن کو محفوظ بنایا اور ریلوے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے صورتحال کو جلد معمول پر لے آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ فیولنگ کے دوران لگی، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹ: عرفان علی ملاح، دی پوسٹ ڈیجیٹل، جامشورو۔




