مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔

میرپور، بھمبر اور کوٹلی ڈویژن کے 13 حلقوں میں پیر کو پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ شام 5 بجے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹرز کو ایک گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی اور تمام حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج جاری کر دیے گئے۔

نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایل اے-1 میرپور، ایل اے-4 میرپور، ایل اے-5 بھمبر، ایل اے-6 بھمبر، ایل اے-7 بھمبر، ایل اے-9 کوٹلی، ایل اے-11 کوٹلی، ایل اے-12 کوٹلی اور ایل اے-13 کوٹلی میں کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل اے-2 میرپور، ایل اے-3 میرپور، ایل اے-8 کوٹلی اور ایل اے-10 کوٹلی میں کامیابی سمیٹ کر مجموعی طور پر چار نشستیں اپنے نام کیں۔

اہم نتائج کے مطابق ایل اے-6 بھمبر میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے 32,732 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 26,718 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح ایل اے-10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12,431 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 9,245 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

پہلے مرحلے کے نتائج نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کی مضبوط پوزیشن کو نمایاں کر دیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی چار نشستیں حاصل کر کے مؤثر انتخابی موجودگی برقرار رکھی ہے۔