کراچی: سندھ کے محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی میں 100 سے زائد عمارتوں کی مبینہ غیر قانونی منظوری کے معاملے کی تحقیقات تیز کر دی ہیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے افسران کے خلاف کارروائی کی اجازت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے متعدد بار ایس بی سی اے سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا، تاہم ادارے کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر اینٹی کرپشن حکام ایس بی سی اے کے دفتر پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لینے پر غور کر رہے ہیں۔

تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ متعدد عمارتوں کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر تعمیر اور تکمیل کے سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے مالکان کو منظوری کے خطوط جاری کرنے کے بعد متعلقہ فائلیں مبینہ طور پر ایک افسر نے غائب کر دیں۔ اس افسر سمیت دیگر مشتبہ افراد کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ریکارڈ حاصل ہونے کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے چھان بین جاری ہے۔