اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کی نئی حاصل کردہ 10 بکتر بند اہلکار بردار گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں، تاکہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

وزیر داخلہ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر وزیراعظم نے گاڑیوں کی فوری منتقلی کی ہدایت کی تھی۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے صوبائی پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔