کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس ٹرینرز کے الاؤنس میں نمایاں اضافے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 کے ٹرینرز کا الاؤنس 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے جبکہ گریڈ 17 سے 21 کے افسران کا ٹریننگ الاؤنس 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کیا جانا چاہیے۔

کراچی کے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوام کی خدمت، قانون کی بالادستی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی مضبوطی معیاری افرادی قوت اور بہترین انسانی وسائل پر منحصر ہے، جبکہ عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور خلوصِ نیت سے خدمت کرنا پولیس کا بنیادی مقصد ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا صفایا سندھ پولیس کے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد اور پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور کو سینٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔

ان کے مطابق دونوں اداروں کی اپ گریڈیشن کے لیے تقریباً 9 ارب 45 کروڑ روپے درکار ہوں گے، جبکہ معمول کے بجٹ کے علاوہ سالانہ 249.99 ملین روپے اضافی فنڈز بھی درکار ہوں گے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ٹرینی اہلکاروں کے ماہانہ ڈائٹ چارجز 5 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی منظوری محکمہ خزانہ میں زیر التوا ہے، جس پر جلد عملدرآمد کی امید ہے۔

انہوں نے مزید تجویز دی کہ ٹریننگ برانچ میں انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی نئی آسامیاں پیدا کی جائیں، جبکہ رزاق آباد، سکرنڈ اور حیدرآباد کے تربیتی مراکز کو پولیس ٹریننگ اسکول کا درجہ بھی دیا جائے۔